جھڈو، الخدمت کے تحت سیلاب متاثرین میں امداد تقسیم

195

جھڈو (نمائندہ جسارت) سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے الخدمت فاؤنڈیشن جھڈو اور یوتھ آف جھڈو نے امدادی سرگرمیوں کا آغاز کردیا ہے، الخدمت فاؤنڈیشن کے رضا کاروں نے آج دیہہ 264 کے مقام پر پڑنے والے شگاف کے نتیجے میں بے گھر ہوکر سڑک اور سیم نالے کے بلند پشتوں پر پناہ لیے ایک سو گھرانوں پر مشتمل متاثرین میں تیار کھانا، صاف پانی اور ادویات تقسیم کیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی رہنماء ممتاز سہتو، الخدمت فاؤنڈیشن جھڈو کے صدر اظہر جمیل آرائیں، محمد محسن، امجد مشتاق اور دیگر رضاکار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ممتاز سہتو نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم متاثرین کے ساتھ ہیں اور اپنی بساط کے مطابق خدمت کررہے ہیں۔ الخدمت کے صدر اظہر جمیل آرائیں نے کہا کہ امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں، جو مثاثرین کی بحالی تک جاری رہیں گی۔ دوسری جانب یوتھ آف جھڈو کی جانب سے بھی گزشتہ چار روز سے متاثرین سیلاب کے لیے تیار کھانے کی فراہمی جاری ہے۔ یوتھ آف جھڈو نے آج بھی روشن آباد، نبی سر روڈ اور اطراف کے علاقوں میں متاثرین میں کھانا تقسیم کیا۔ اس موقع پر یوتھ آف جھڈو کے رہنمائوں جواد احمد، حاجی راشد، ظہیر بشیر نے کہا کہ یوتھ آف جھڈو جلد متاثرین کے لیے بڑا امدادی پیکیج لے کر آرہی ہے، متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔