امت مسلمہ وقت کے یزیدوں کے سامنے ڈٹ جائے، اسد اللہ بھٹو

577
ٹنڈو محمد خان: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو راجو نظامانی میں شہادت حسین کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں آج بھی حضرت امام حسین ؓکا قافلہ حق اور باطل کا معرکہ گرم اوردین اسلام کی خاطر عظیم تر قربانیوں کی لازوال داستان کو زندہ رکھے ہوئے ہے، مردہ یزید کو برا بھلا کہنے والے وقت کے زندہ یزیدوں کے سامنے بھی حق کی بات پر ڈٹ جائیں، فلسطین، برما، بنگلادیش ،شام،مصر اورکشمیر میں مسلمان موجودہ یزیدوں نریندر مودی،ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہواور جنرل سییسی کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر حق بات پر ڈٹے ہوئے ہیں اورجانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ٹنڈومحمد خان کے تحت مقام راجو نظامانی میں ’’شہادت حسینؓ کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری نواب مجاہد لغاری، عبدالقدوس احمدانی اور مقامی امیر عامرمنصوری نے بھی خطاب کیا۔اسد اللہ بھٹو نے مزید کہا کہ امام حسین ؓنے باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا غیر متزلزل فلسفہ دنیا کو دیا ، محرم الحرام مسلمانوں کو ایثار، عفو درگزر اور حق کے لیے اپنی زندگی کی متاع عزیزکو قربان کرنے کا درس دیتا ہے۔