قوم عدل و انصاف کیلیے اُسوہ ِحسینؓ پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرے‘صدر ،وزیراعظم

182

اسلام آباد (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور محرم الحرام 1442ھ کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم عدل و انصاف کے لیے اُسوہ ِحسینؓ پر عمل پیرا ہونے کا عہد کرے۔ عارف علوی نے کہا کہ نواسہ رسولؐ کی شہادت باطل قوتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے سے بھی دریغ نہ کرنے کا درس دیتی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایات کو جلا بخشتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ شہادت امام حسینؓ در حقیقت حق کی فتح، ظالم و جابر کے سامنے ڈٹ جانے اور ایثار و قربانی کا درس دیتی ہے‘ محرم الحرام ہمیں وہ جذبہ ِصادق عطا کرتا ہے جس کی بدولت ہم بڑی سے بڑی آزمائش کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے امیدکا اظہار کیا کہ قوم یومِ عاشور کی تقریبات میں بھی علمائے کرام کی مشاورت سے جاری کردہ کورونا سے متعلق حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آئیں آج کے دن ہم سب یہ تجدید ِعہدکریں کہ ہم اُسوہ ِحسینؓ پر عمل پیرا ہو کر ہر وہ کام کریں گے جو حق کی سربلندی، عدل و انصاف کے فروغ، اسلامی روایات کی پاسداری اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مفید ہو۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اسلامی سال ہمارے ملک کی ترقی و خوشحالی کا سال ثابت ہو، اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر کے مسلمان جگرگوشہ بتولؓ، نواسہ خَاتم اَلنّبِیین ؐ، جناب امامِ عالی مقام حضرتِ امام حسینؓ کی شہادتِ عظم کی بے مثال و لازوال قربانی کی یاد کو تازہ کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ جذبہ شبیری مسلمانوں کے ایمان و یقین، سچائی اور اصول پسندی کی روایات کو جلا بخشتا ہے‘ یہ اسلام کے ابدی پیغام اور جذبہ قربانی کی لازوال اور روح پرور روایت کی آبیاری کا سرچشمہ بھی ہے جس کی نظیر تاریخ انسانی میں مشکل سے ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی سامراج سے برسرپیکار عوام کی قربانیوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے حق پر قائم رہتے ہوئے سنتِ امام حسینؓ کو زندہ رکھا اور کربلا کی طرح کشمیر کو بھی معرکہ حق و باطل کی ایک عظیم مثال بنا دیا ہے ‘ امید ہے کہ عوام یوم عاشور فرقہ واریت اور تعصب کو بالائے طاق رکھتے ہوئے منائیں گے۔