وفاقی وصوبائی حکومتیں بارش متاثرین کیلیے امداد کا اعلان کریں‘ بلاول

405

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بارش سے متاثرہ افراد کے لیے امداد کا اعلان کریں۔بلاول زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزراء کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے ہر شہر اور گاؤں سے بارش کے پانی کا آخری قطرہ نکالے جانے تک میدان میں موجود رہیں ۔ہفتہ کو چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبائی وزراء سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور امدادی کاموں سے متعلق معلومات حاصل کیں ۔وزیراعلی سندھ ، وزیرِ بلدیات ناصر شاہ اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے وزیر شبیر بجارانی نے پارٹی چیئرمین کو بریفنگ دی۔ بلاول زرداری نے سندھ سمیت پورے ملک میں انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بارشوں کے دوران اپنے پیاروں کو کھونے اور متاثرین کے لیے مالی امداد کا اعلان کریں۔انہوںنے ہدایت کی کہ صوبے کے ہر شہر اور گاؤں سے بارش کے پانی کا آخری قطرہ نکالے جانے تک وزرا میدان میں موجود رہیں۔بلاول زرداری کی جانب سے وزیر اعلی اور صوبائی وزرا کو بارش کے باعث نقصان کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی گئی ۔پی پی پی چیئرمین نے طوفانی بارشوں کے دوران بہتر کوآرڈینیشن کے ذریعے اقدام ا کرنے پر سندھ کابینہ کو سراہا ہے۔علاوہ ازیںچیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے گلگت بلتستان میں بارشوں کے بعد کی صورتحال پراظہارتشویش کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر بنی ایک سرنگ میں دراڑیں پڑ گئی ہیں، مرمت نہ کی گئی تو وہ گر سکتی ہے۔ وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں این ڈی ایم اے کو فعال کرے۔بلاول زرداری نے گلگت بلتستان میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، شاہراہ قراقرم بلاک ہونے پر گہری تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں تیز بارش کے بعد کھڑی فصلیں اور باغات تباہ ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث میڈیا کو نقصانات رپورٹ کرنے میں بھی دشواری ہے۔وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کی حکومت شہریوں کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔ہم حکومت کو گلگت بلتستان کے شہریوں کے دکھوں کو نظرانداز کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔پی پی چیئرمین نے ہدایت کی کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے رہنما و کارکن متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں۔