پیٹرولیم قیمتوں میں اضافے کی تیاری

339

پاکستان میں حکومت پیٹرول کی عالمی قیمتوں میں کمی کا بھرپور فائدہ اٹھارہی ہے۔ اب تک عوام کو عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ نہیں پہنچایا گیا بلکہ بڑا فائدہ حکومت نے اُٹھایا ہے۔ صرف کچھ دن کے لیے قیمت کم کی گئی لیکن حکومت نے پھر قیمت بڑھادی اور اب بار بار پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ بڑھائے جارہے ہیں۔ ایک مرتبہ پھر 7 روپے فی لیٹر تک اضافہ کی تجویز دی گئی ہے۔ قیمتوں میں تبدیلی کا فیصلہ 31 اگست سے ہوگا۔ اب ایک اور تجویز بھی سامنے آئی ہے کہ ہر 15 روز بعد پیٹرولیم قیمتوں کا تعین ہوگا۔ پیٹرولیم نرخوں میں تبدیلی ماہانہ کریں یا روزانہ، اصل مسئلہ تبدیلی نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ عالمی سطح پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے مطابق پاکستانی عوام کو فائدہ پہنچانا ہے اور پاکستانی حکومت یہ کام نہیں کررہی ہے۔ دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافہ بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں ہوتا ہے۔ عالمی وبا اور اب بارشوں کے بعد لوگوں کی کمر ٹوٹ چکی ہے ایسے میں حکومت کی ذمے داری ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سبسڈی دے اور ان کے نقصانات کا ازالہ کرے۔ حکومت کو ہر حال میں اپنے خزانے کی فکر ہے، یہ خزانے تو عوام کی خوشحالی کی وجہ ہی سے بھرے گا۔ عوام بدحال ہوں گے تو خزانہ نہیں بھر سکتا۔