پاکستان قرضوں کی ادائیگی کی مناسب استعدادرکھتاہے‘وزارت خزانہ

136

اسلام آباد(اے پی پی)وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے سرکاری قرضہ پائیدارہیں اور ان قرضوں کی ادائیگی کی مناسب استعدادرکھتاہے۔ ہفتے کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہاکہ اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق جون 2919ء میں جی ڈی پی کے تناسب سے سرکاری قرضوں کی شرح 86.1 فیصد تھی جو جون 2020ء میں 87.2 فیصد ہوگئی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ حکومت کی دانش مندانہ اقدامات کے نتیجے میں فروری 2020ء میں کئی برسوں بعد پہلی مرتبہ پرائمری بیلنس اضافی ہوگیا تھا تاہم کورونا وائرس کی وبا نے ملکی معیشت کو بری طرح سے متاثرکیا، اس سے حکومت کے اصلاحات کے پروگرام میں سست روی آئی۔ترجمان نے کہاکہ کورونا وائرس کی وبا سے ریونیومیں کمی آئی، اخراجات میں اضافہ ہوا،اندرونی اوربیرونی طلب اور سیاحت اورتجارتی سفرمیں کمی آئی، تجارتی اور پیداواری سرگرمیاں متاثرہوئی جبکہ سپلائی میں بھی تعطل آیا۔اس کے نتیجے میں گزشتہ4ماہ میں بڑھوتری میں تیزی سے کمی آئی اور کوویڈ 19 سے متعلق اخراجات کی وجہ سے بجٹ خسارہ میں اضافہ ہوا،انہی وجوہات کی بناء پر جی ڈی پی کے تناسب سے قرضوں میں اضافہ ہوا۔ترجمان نے کہاکہ ریونیومیں اضافہ اورمالیاتی نظم وضبط کی وجہ سے وسط مدتی بنیادوں پر جی ڈی پی کے مقابلے میں قرضوں کی شرح میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت پرائمری سرپلس اورافراط زرکو کم اور پائیدار رکھنے میں پرعزم ہے، حکومت طویل المعیادبنیادوں پر اقتصادی برھوتری کویقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھیں گی۔