پوش علاقوں سے پانی نکالناہماری ذمے داری نہیں، سعیدغنی

114

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیرتعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کے پوش علاقوں سے پانی نکالنا ہماری نہیں کسی اور کی ذمے داری ہے لیکن وہ بھی ناکام ہوئے،سندھ حکومت نے شہریوں کی تکالیف میں کمی کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں بارش کا 90سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے،شہر کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی موجود ہے جسے نکالنے کے لیے وقت درکار ہے، بارش مکمل رکنے کے بعد نالوں میں جگہ بنے گی اور گھروں سے پانی نکالا جاسکے گا کراچی کی بڑی شاہراہوں سے پانی نکال دیا گیا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ نالوں کی صفائی پر اختیارات کی کوئی لڑائی نہیں ہے، نالے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے پاس ہیں وہی انہیں صاف کرتے ہیں،سندھ حکومت نے اپنے طور پر نالوں کی صفائی کا کام شروع کیا، نالوں کی صفائی کے بعد بھی بارش کے ساتھ کچرا دوبارہ آجاتا ہے اسے روزانہ صاف کیا جاتا ہے۔سعید غنی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے بہت سی چیزیں بہتر کی ہیں جو ماضی میں خراب تھیں، کراچی کے پوش علاقوں سے پانی نکالنا ہماری نہیں کسی اور کی ذمے داری ہے لیکن وہ بھی ناکام ہوئے۔کراچی جیسے شہر کے مسائل صوبائی حکومت اپنے وسائل میں رہ کر حل نہیں کرسکتی ، محدود وسائل میں رہتے ہوئے کراچی کے مسائل حل کررہے ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ دو بی آر ٹی لائنز کے لیے عالمی اداروں سے فنڈنگ لانے کا عمل پورا کرلیا ہے، نیاضلع بنانے کے لیے قانونی طور پر دیگر جماعتوں سے مشاورت کے پابند نہیں ہیں،نیا ضلع بنانا کسی بھی حکومت کا انتظامی اختیار ہوتا ہے۔