ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس و مجالس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

1307

ملک بھر میں آج 9 محرم الحرام کے حوالے سے جلوس و مجالس کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس کے لیے مخلتف شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہوگا جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ مقررہ راستوں کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے جب کہ اطراف میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے۔

مرکزی جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جلوس کی گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا ہے جب کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جائے گی۔

روہڑی:

دوسری جانب روہڑی میں 500 سالہ قدیمی نو ڈھالہ تعزیہ کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جس میں ملک بھر سے سینکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران حسین شرکت کررہے ہیں۔

کوئٹہ:

ادھر کوئٹہ میں نویں محرم کو دوپہر ڈیڑھ بجے ذوالجناح کا جلوس امام بارگاہ ناصرالعزاء سے نکالا جائے گا جو قریبی شاہراہوں سے ہوتا ہوا دوبارہ امام بارگاہ ناصر العزاء پہنچ کر اختتام ہوگا، اس دوران شرکا سینہ کوبی کریں گے جب کہ مجلس عزا منعقد کی جائیگی۔

بعدازاں ذوالجناح کو یوم عاشورہ کے جلوس میں شامل کرنے کے لیے مری آباد لے جایاجائے گا۔

نویں محرم الحرام کے حوالے سے ضلع بولان کے علاقے مچھ میں ایک ماتمی جلوس نکالا جائے گا  اور اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد:

اسلام آباد میں نویں محرم کے جلوس کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔

ٹریفک پلان کے مطابق جلوس کے اختتام تک مختلف شاہراہیں اور چوک بندر ہیں گے۔ فضل الحق روڈ کلثوم پلازہ تا چائنہ چوک تک دونوں اطراف سے بند رہے گا۔

جب کہ شاہراہ سیونتھ ایونیو کلثوم پلازہ سے چاند تارا چوک تک بند رہے گی۔ پوسٹ آفس سروس روڈ، صدرروڈ میلوڈی چوک تک بند رہے گا۔ میونسپل روڈ لال مسجد سے شہدا چوک جی پی او تک بند رہے گا۔

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ پولی کلینک سے اقبال ہال تک لقمان حکیم روڈ بند رہے گا، چائنہ چوک، شہید ملت روڈ پر جانیے والے جناح ایونیو استعمال کر سکتے ہیں۔ سیونتھ ایونیو، آبپارہ سہروردی روڈ جانے والے جناح ایونیو استعمال کرسکتےہیں۔