مسائل حل کرنے میں حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں، حافظ نعیم

447

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ  کراچی کے عوام کے مسائل حل کرنے میں وفاقی وصوبائی حکومتیں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں،سرجانی ٹاؤن میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کی نکاسی اور بجلی کی بحالی کا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے سرجانی ٹاؤن کا دورہ کرتے ہوئے کریمی چورنگی پر قائم الخدمت کے ریلیف کیمپ اور مفت میڈیکل کیمپ کا بھی دورہ کیا،امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور الخدمت کے رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سرجانی ٹاؤن کے بیشتر علاقوں میں 10دنوں سے بجلی معطل ہے،الخدمت کی جانب سے متاثرین کو پینے کا صاف پانی ،کھانا اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں ،میڈیکل کیمپ پر ڈاکٹر ،پیرا میڈیکل اسٹاف ادوایات اورالخدمت کی ایمبولینس بھی موجود ہیں ۔

حافظ نعیم الرحمن  کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ کراچی کے تقریباً تین کروڑ افراد کے مسائل کے حل اور شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت کو دوسال ہوئے ہیں لیکن افسوس کہ اس نے بھی ان دوسالو ں میں کراچی کے لیے کوئی قابل ذکر سرگرمی نہیں دکھائی اور اس کے تمام دعوے اور وعدے جھوٹے ثابت ہوئے ۔

انہوں نے کہاکہ حکمران پارٹیوں کے اتحاد کے نام پر کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا التوا کسی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا،فوری طور پر مردم شماری کی خرابیوں کو دور کر کے بلدیاتی انتخابات کا اعلان کیا جائے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ بدقسمتی سے حکومت کے پاس سنگین صورتحال سے نبٹنے کے لیے کوئی منصوبہ بندی اور نظام موجود نہیں ہے ،تمام حکومتی نمائندے اور وزراءصرف اعلانات اور دعوے کرتے ہیں ،عملاً کارکردگی کچھ نہیں ہے

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور الخدمت نے اپنے دستیاب وسائل کی بنیاد پر متاثرین کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کی ہے ،ان گوٹھوں سمیت شہر بھر کے متعدد علاقوں میں بارش میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کیا ہے،لوگوں کو گھروں تک پہنچانے کے لیے الخدمت کی شٹل بس سروس بھی شروع کی او ر لوگوں کو ان کے گھروں تک جاکرکھانے پینے کا سامان پہنچایا ہے ، ہمارے رضاکار کئی کئی دن سے امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں ،یہ سرگرمیاں متاثرین کی بحالی تک جاری رہیں گی ۔