حیدرآباد:بارش کا سلسلہ جاری،پاک فوج اور الخدمت امدادی سرگرمیوں میں مصروف

332

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد میںجمعہ کے روز بھی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا،نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث بیشتر علاقوں و شاہراہوںپر پانی جمع رہا۔ فوج کی جانب سے مختلف علاقوںمیں نکاسی آب کے لیے سرگرمیاں جاری، الخدمت فائونڈیشن کی جانب سے پانی میں پھنسے ہوئے افراد میں کھانا تقسیم کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد میں جمعہ کے روز بھی وقفے وقفے سے بارش جاری رہی جبکہ حیسکو کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی اور نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث لطیف آباد میں مہر علی ہاؤسنگ سوسائٹی نمبر11یونٹ نمبر2،5،7،8،گرونگر، ریلوے کالونی، ریلوے اسٹیشن ،مکرانی پاڑہ، نورانی بستی، لیاقت کالونی، پھلیلی ، نیو وحدت کالونی ، اولڈ وحدت کالونی سمیت کئی علاقوں میں بارش اور سیوریج کا پانی جمع ہے اور نظام زندگی مفلوج ہے جبکہ متاثرین میں الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے کھانے کی تقسیم کا عمل جاری ہے شہری انتظامیہ کی تمام تر توجہ محروم الحرام کے حوالے سے ہونے والے پروگرامات اور ان کے روٹس کو صفاف کرنے میں لگی ہوئی ہے جبکہ یونٹ نمبر5میں اندرونی گلیاں، محبوب گراؤنڈ ، طارق کالونی، یونٹ نمبر10مین روڈ،افضال گراؤنڈ کے اطراف کی گلیاں پانی سے بھری ہوئی ہیں جبکہ شہر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہونے کے باعث شدید تعفن پھیل رہا ہے۔ دوسری جانب حیسکو کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے جبکہ کئی علاقوں میں ٹرانسفارمر نہ ہونے کے باعث کئی روز سے بجلی نہیں ہے جس کے باعث ان علاقوں میں پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔دریں اثنائجماعت اسلامی کے رفاہی ادارے الخدمت فاؤنڈ یشن ضلع حیدرآباد کے تحت حیدرآباد بارش سے متاثرہ علاقوں لطیف آباد نمبر2،گلشن حالی،لطیف آباد نمبر11 میں گھر گھر پکا پکایا کھانا اور پانی تقسیم کیا گیا ۔سرپرست الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد و امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید، صدر الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن ، جنرل سیکرٹری نعیم عباسی ، محمد علی چوہان، سلیم خان اور دیگر نے گھر گھر جا کر بارش کے پانی میں پھنسے متاثرین میں پکا پکایا کھانا اور پانی تقسیم کیا۔سرپرست الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد و امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجیدکی ہدایت پر جماعت اسلامی اورالخدمت کے رضاکار متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن ضلع حیدرآباد کی جانب سے طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال سے متاثرین میں تیار کھانا،پانی اور ترپال فراہم کی جارہی ہیں جبکہ الخدمت فائونڈیشن شعبہ صحت نے مختلف مقا مات پر مفت طبی کیمپ کے انعقاد کی تیاری مکمل کرلی ہیں،جہاں عوام کو طبی معائنے کے ساتھ مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ سرپرست الخدمت فائونڈیشن ضلع حیدرآباد و امیر جماعت اسلامی حافظ طاہر مجید نے کہا کہ غریب عوام کورونا اور لاک ڈاؤن کے بعد ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہیں،جماعت اسلامی نے الخدمت فائونڈیشن کے ذریعے خدمت کاعظیم بیڑہ اٹھارکھاہے۔