جھڈو، بارش سے پی ٹی سی ایل کی آپٹیکل فائبرلائن برسٹ

316

جھڈو ( نمائندہ جسارت)طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث میرواہ گورچانی کے قریب پی ٹی سی ایل کی آپٹیکل فائبر لائن برسٹ ہو جانے سے تحصیل جھڈو اور تحصیل ڈگری سمیت متعدد علاقوں میں انٹرنیٹ کی سروس چار روز سے معطل ہے جس سے ہزاروں صارفین مشکلات کاشکار ہیں انٹرنیٹ سروس کی طویل بندش کی وجہ سے سندھ حکومت کی جانب سے 28 اگست تک سرکاری ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی کے احکامات پر عملدرآمد ممکن نہیں ہوسکا،پی ٹی سی ایل کی انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث علاقے میں بینکنگ سروسز،انٹرنیٹ کمپیوٹر سینٹرز کو سسٹم چلانے میں سخت دشواری کا سامنا رہا جبکہ میڈیا کے نمائندوں کو خبروں کی ترسیل میں بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، دوسری جانب ہزاروں سرکاری ملازمین تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین پنشن سے محروم رہ گئے اور پی ٹی سی ایل کے ہزاروں صارفین انٹرنیٹ کی سہولت سے محروم ہوگئے ہیں۔صارفین کا کہناہے کہ پی ٹی سی ایل کی انٹر نیٹ سروس مرمت کے بعد فوراً بحال کی جائے تاکہ وہ نہ صرف اس سروس کی سہولت سے فائدہ اٹھاسکیں بلکہ ہزاروں سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کو ممکن بنایا جاسکے۔