لوڈشیڈنگ کے ستائے شہری ، سڑکوں پر نکل آئے ، ماڑی پور روڈ بند

193

 

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے مظاہرے شروع ہو گئے ،ماڑی پور روڈ پر بجلی کے ستائے مکین سڑکوں پر نکل آئے ۔ مظاہرین کی جانب سے سڑکوں کو بلاک کر کے شدید احتجاج اور نعرے بازی بھی کی گئی، احتجاج کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق ماڑی پور روڈ پر عوام کا غیر اعلانیہ بجلی کی عدم فراہمی پر احتجاج‘ علاقہ مکین بجلی کی عدم فراہمی پر سراپا احتجاج ہوں گے۔ احتجاج میں خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود ہے، مظاہرین کی جانب سے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مچھر کالونی آئی سی آئی پل کے اوپر اور آگرہ تاج کالونی غلامان عباس اسکول کے پاس احتجاج کر کے روڈ بلاک کر کے ٹریفک جام کر دیا گیا۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے چاکیواڑہ میں پرامن احتجاج جاری رہا۔ بلدیہ ٹاؤن 3 اور ،4 1/2/4 ساڑھے چار نمبر پر بھی احتجاج، کے الیکٹرک نے گزشتہ بارشوں سے اب تک لائٹ بند کی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عوام پریشانی سے دوچار ہیں، جبکہ احتجاج کے باعث ماڑی پور روڈ اور اطراف میں شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ احتجاج کے باعث ٹریفک شدید جام ہو گیا۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو ماڑی پور سے مرزا آدم خان روڈ کی طرف موڑا جارہا ہے، جبکہ ٹاورسے جانے والے ٹریفک کو لی مارکیٹ کی طرف بھیجا جارہا ہے، گلستان جوہر اور گارڈن میںبھی مظاہرے کیے گئے۔ گارڈن کے مکینوں نے ٹینکر چورنگی پر کے الیکٹرک انتظامیہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر دھرنا دیدیا جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کرکے ٹریفک کی روانی کو بحال کروایا ،ادھر گلستان جوہر کے علاقے جوہڑ موڑ کے مکینوں نے بھی چوبیس گھنٹوں سے زائد بجلی بند ہونے پر کے الیکٹرک کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک پر دھرنا دیکر شدید نعرے بازی کی ،احتجاج کے باعث جوہڑ موڑ پر ٹریفک معطل ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ،اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کرکے ٹریفک کی روانی کو بحال کروایا۔