بارش سے کراچی کاانفرااسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے

128

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں شدید بارشوں کے باعث شہر کا انفرا اسٹرکچر بری طرح متاثر ہوا ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں میں پانی کے ریلے سڑکیں بہا کر لے گئے۔ مختلف علاقوں میں کئی فٹ پانی گھنٹوں کھڑے رہنے کے باعث سڑکیں تباہ ہوگئی ہیں، کئی مقامات پر سڑکیں بیٹھ گئیں اور گہرے گڑھے پڑ گئے۔ شہریوں کو ٹوٹی سڑکوں اور گہرے گڑھوںکے باعث گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سفر میں پریشانی کا سامنا ہے۔ بعض مقامات پرپانی میں ڈوبے ہوئے گہرے گڑھے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں، پانی میں ڈوبے ہوئے آئی لینڈز اور فٹ پاتھ بھی اکھڑ گئے ہیں۔ شہر میں کئی انڈر پاسز میں تاحال برساتی پانی جمع ہے جن میں سے کئی تو لبالب پانی سے بھرے ہوئے ہیں۔ گزشتہ روز ناگن چورنگی کے فلائی اوور میں کئی مقامات پر گہری دراڑیں پڑ گئی ہیں جو کسی حادثے کا سبب بھی بن سکتی ہیں۔