وزیراعظم کراچی کوآفت زدہ قراردیں‘ سابق میئر

136

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سابق میئر کراچی وسیم اختر نے وزیر اعظم پاکستان سے درخواست کی ہے کہ وہ کراچی کا فوری دورہ کریں اور کراچی شہر کو آفت زدہ قرار دے کر اس کے شہریوں کو ٹیکسز میں ریلیف دیا جائے، تفصیلات کے مطابق سابق میئر کراچی وسیم اختر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں 4 سال سے یہ بتا رہا ہوں کہ کراچی کے مسائل کو سیریس لیں، کراچی کے مسئلے گمبھیر ہوتے جارہے ہیں اور آج سب نے دیکھ لیا ہے کہ کراچی میں بارشوں کے بعد جو حال ہوا ہے، کراچی آکر وزیر اعلیٰ سندھ کے ساتھ بیٹھ کر میٹنگ کریں، لوگ یہاں بہت زیادہ مشکل میں پڑے ہوئے ہیں، بہت مسائل ہیں شہر کے‘ اب کچھ نہیں کیا جائے گا تو کب کیا جائے گا؟ میری درخواست ہے کہ وزیر اعظم پاکستان سے کہ کراچی میں فوری کام کرائیں یہاں کراچی کا حال بہت برا بن چکا ہے، انہوں نے کہا کہ 10لاکھ کی آبادی کے لیے انفرا اسٹرکچر بنا تھا وہی انفرا اسٹرکچر ابھی تک ہے، ساڑھے تین کروڑ کی آبادی اس 10 لاکھ کے انفرااسٹرکچر کو استعمال کررہے ہیں، سب نے کھل کر اس شہر پر قبضے کیے ہیں‘ یہ سب کی غلطیاں ہیں، چاہے وفاقی حکومت کے لینڈ ڈپارٹمنٹس ہوں یا سندھ حکومت کے لینڈ کنٹرول والے، سب نے اس شہر کا ستیا ناس کردیا ہے۔ شہر کو اب فنڈز کی اور ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کو شدید بارشوں نے بری متاثر کیا ہے اور کراچی کو بڑے پیمانے پر مالی اور جانی نقصان اٹھانا پڑا، شہر کراچی کے مکینوں کے دکھوں اور مالی نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔