الخدمت کے تحت بار ش متاثرین میں تیار کھانا ‘راشن تقسیم

147

کراچی(اسٹاف رپورٹر)الخدمت فانڈیشن کے تحت سندھ کے متعدد اضلاع میں طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال سے متاثر افراد میں تیار کھانا اور راشن پیکج کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے ، الخدمت کے رضاکار متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کررہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حیدر آباد، ٹھٹھہ، بدین، نوابشاہ، سانگھڑ، میر پور خاص، تھر پارکر، جیکب آباد، دادو و دیگر اضلاع میں الخدمت فانڈیشن سندھ کی جانب سے طوفانی بارش اور سیلابی صورتحال سے متاثرین میں تیار کھانا، فوڈ پیکج اور ترپال فراہم کی جارہی ہیں۔ الخدمت کے رضاکار متاثرین کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں،جبکہ بعض مقامات پر خیمہ بستی قائم کرنے کی تیاریاں مکمل ہیں۔صدر الخدمت ڈاکٹر سید تبسم جعفری کی ہدایت پر شعبہ صحت نے مختلف اضلاع میں مفت طبی کیمپ کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں،جہاں عوام کو طبی معائنے کے ساتھ مفت ادویات فراہم کی جائیں گی۔ سید تبسم جعفری نے کہا غریب عوام کورونا اور لاک ڈائون کے بعد ایک بار پھر مشکلات کا شکار ہیں،اہل خیر حضرات لاک ڈائون کی طرح بارش اور سیلابی صورت حال میں عوام کی داد رسی کریں ، متاثرین کو تیار کھانے ، خشک راشن ، ترپال اور ادویات کی سخت ضرورت ہے ۔