حیدرآباد پولیس کا سب ڈویژن پھلیلی میں سرچ آپریشن

500

حیدرآباد(نمائندہ جسارت)محرم الحرام اور سیکورٹی کے پیش نظر حیدرآباد پولیس کا سب ڈویژن پھلیلی میں سرچ آپریشن۔ ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو کی خصوصی ہدایات پر محرم الحرام کی سیکورٹی کے حوالے سے حیدرآباد پولیس کا سب ڈویژن پھلیلی میں سرچ آپریشن کیا گیا ۔سرچ آپریشن ڈی ایس پی پھلیلی صابر علی گدی اور ڈی ایس پی سٹی نیاز حسین کی سربراہی میں کیا گیا جس میں ایس ایچ او پھلیلی،ایس ایچ او پنیاری،ایس ایچ او سٹی،ایس ایچ او بڈھانی کے علاوہ RRF حیدرآباد، RRF سٹی, RRF کینٹ اور خواتین پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔سرچ آپریشن اچھی موری چوک, فقیر کا پڑھ چوک اور ان سے ملحقہ علاقوں میں کیا گیاجس میں چھوٹے بڑے ہوٹلز پر آئے مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کیے گئے اور جامع تلاشی لی گئی۔ مسافر خانوں اور گیسٹ ہاؤسز میں ٹھہرنے والوں کا انٹری ریکارڈ کو چیک کیا گیا،کمروں اور سامان کی مکمل سرچنگ کی گئی اور مسافر خانوں اور گیسٹ ہاؤسز مالکان کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ ہر آنے والے افراد کی مکمل تشخیص کرنے،معلومات لینے اور تمام قوائد و ضوابط کو پورا کرنے کے بعد کمرہ کرائے پر دیں۔ رات گئے مارکیٹ اور آبادیوں میں آنے جانے والے افراد سے پوچھ گچھ کی گئی جبکہ مشکوک و مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جاری ہے ۔سرچ آپریشن کا مقصد محرم الحرام کے حوالے سے حیدرآباد کی سیکورٹی کو فول پروف بنانا ہے۔ ایس ایس پی حیدرآباد جناب عدیل حسین چانڈیو نے ایس ایچ اوز کو ہدایت کی کہ وہ سرچ آپریشن کو مسلسل جاری رکھیں۔چیکنگ کو موثر بنائیں اور اپنے علاقوں میں پیٹرولنگ کو مزید سخت کریں۔