اسرائیل کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے،امریکا

393
منامہ: امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شاہِ بحرین حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے صہیونی ریاست کو درپیش خطرات میں اس کے دفاع کو امریکا کی ذمے داری قرار دیا ہے۔ پیر کے روز اسرائیلی وزیراعظم بنیامین بیتن یاہو سے ملاقات کی مزید تفصیلات شائع کرتے ہوئے اخبار نے لکھا ہے کہ پومپیو نے نیتن یاہو کو ایران کے خلاف اقدامات کے تناظر میں یقین دلایا کہ امریکا متحدہ عرب امارات کو ایرانی خطرے سے بچائو کے لیے جدید دفاعی آلات اور ہتھیار فراہم کرنے پر غور کررہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم اسرائیل کے مفادات کے تحفظ کے لیے کسی اقدام سے گریز نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور امارات کے درمیان 20 سال سے زائد عرصے سے سلامتی کے شعبے میں تعاون جاری ہے۔ اس موقع پر نیتن یاہو نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والے معاہدے میں اسرائیل کو اسلحہ کے معاہدے کی کسی بھی طرح قبولیت شامل نہیں ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ نے اپنے دورۂ مشرق وسطیٰ کی تیسری منزل بحرین میں مقامی فرماں روا شیخ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد شیخ سلمان بن حمد الخلیفہ سے ملاقات کی۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور علاقائی صورت حال پر بات کی گئی۔ اُدھر ابو ظبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید لنہیان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے درمیان بھی ٹیلی فون پر بات ہوئی۔ خیال رہے کہ امارات اسرائیل معاہدے کے حوالے سے ایک پیش رفت میں اسرائیل کا ایک اعلیٰ سطحی وفد امریکی صدر کے داماد ومشیر جیرڈ کشنر اور امریکی حکام کے ساتھ آیندہ ہفتے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گا۔ اسرائیلی دفتر وزارت عظمی نے ایک تحریری بیان میں اعلان کیا ہے کہ وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے قومی سلامتی کونسل کے سربراہ میر بن شبات کی قیادت میں کے ایک وفد کو متحدہ عرب امارات کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے لیے مذاکرات کی غرض سے پیر کے روز ابو ظہبی بھیجنے کی ہدایت کی ہے۔ اس وفد میں شعبہ سیاحت، صحت، توانائی اور دفاع سمیت کئی وزارتوں سے عہدے دار شامل ہوں گے۔