سلامتی کونسل کا ایران پر پابندیوں کی تجدید سے انکار

401
تہران: صدر روحانی سے عالمی توانائی ایجنسی کے سربراہ ملاقات کررہے ہیں‘ چھوٹی تصویر پریس کانفرنس کی ہے

نیویارک/ تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) سلامتی کونسل کے صدر نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں بحال کرنے پر اتفاق رائے نہیں پایا جاتا اور وہ امریکا کے اس مطالبے پر کوئی اقدام نہیں کریں گے، جس میں ایران پر پابندیاں دوبارہ لگانے کے لیے کہا گیا ہے۔ عالمی ادارے کے لیے انڈونیشیا کے سفیر اور سلامتی کونسل کے صدر دیان تریانسیا دجانی کا کہنا ہے کہ مجھے واضح طور پر علم ہے کہ اس مسئلے پر یہ مخصوص موقف کونسل کے صرف ایک رکن کا ہے، جب کہ دیگر زیادہ تر ارکان اس سے اختلاف رکھتے ہیں۔ اس لیے میرے خیال میں اس معاملے پر کونسل میں اتفاق رائے نہیں پایا جاتا۔ چناں چہ کونسل کا صدر اس پوزیشن میں نہیں ہے کہ وہ اس پر مزید اقدام کرسکے۔ دوسری جانب ایران نے بین الاقوامی جوہری توانائی ادارے کے ساتھ اپنے تازہ مذاکرات کو مثبت قرار دیا ہے۔ آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے بدھ کے روز تہران کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایرانی صدر حسن روحانی، وزیر خارجہ جواد ظریف اور ایرانی جوہری ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی سے ملاقاتیں کیں۔ صالحی نے رافیل گروسی کے ساتھ 2مشتبہ ایرانی جوہری تنصیبات کا معاینہ کرنے کی اجازت کے حوالے سے بات کی۔ گروسی ایرانی حکومت کے ساتھ براہ راست تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔