جماعت اسلامی کا79واں یوم تاسیس آج منایا جارہا ہے

1035

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستا ن قیصر شریف نے اپنے بیان میں کہاہے کہ آج جماعت اسلامی کا 79 واں یوم تاسیس اندرون و بیرون ملک اس عزم کے اعادے کے ساتھ منایا جائے گا کہ جماعت اسلامی کی دعوت کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے کروڑوں انسانوں تک اس ہدایت کے مصداق کہ ’’ قرآن و سنت کی دعوت لے کر اٹھو اور پوری دنیا پر چھا جائو‘‘۔ قرآن و سنت کے پیغام کوپوری انسانیت تک پہنچانا امت مسلمہ کی ذمے داری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی ہیڈکوارٹرز لاہور ، کراچی ، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں سیمینارز ، کانفرنسزاور دیگر پروگرامات ہوںگے جن میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی معروف شخصیات شرکت کریں گی ۔ یوم تاسیس کی مرکزی تقریب منصورہ لاہور میں ہوگی جس سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق خطاب کریں گے ۔ جماعت اسلامی نے رواں صدی کو سید مودودیؒ سے منسوب کیاہے ۔ یہ صدی دنیا میں غلبہ اسلام کی صدی ہے، وہ وقت زیادہ دور نہیں جب مشرق سے مغرب اور شمال سے جنوب تک ہر طرف اسلام کا پرچم سربلند ہوگا ۔

 واضح رہے کہ مفکر ِ اسلام مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودی نے 74افراد کے ہمراہ1941میں جس جماعت اسلامی کی بنیاد ڈالی تھی اس کی دعوت آج پوری دنیا میں پھیل چکی ہے،گزشتہ79سال سے جماعت اسلامی تعمیر ِ کردار اور تطہیر ِ افکار کے ذریعے صالح افراد کی کی تیاری میں مصروف ہے تاکہ نظام ِ حکومت ایسے افراد کے ہاتھوں میں آئے جو صالحیت اور صلاحیت کے حامل ہوں۔آج معاشرے میں جماعت اسلامی کے تیار کردہ ان گنت ایسے افراد موجود ہیں جو مختلف شعبہ ہائے زندگی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں۔