وزیر اعظم کا افغان قیادت پر پائیدار امن کیلئے مذاکرات پر زور

649

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے افغان قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ افغانستان کی خوشحالی، سلامتی اور پائیدار امن کے لیے مذاکرات کے تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائے۔

وزیر اعظم ہاؤس سے جاری اعلامیہ  کے مطابق عمران خان نے افغانستان کی اعلی سطح کی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ وزیر اعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا جو مشترکہ عقیدے اور ثقافت، تاریخ اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان قریبی روابط پر مبنی ہے۔

وزیر اعظم نے اس برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات کو دہرایا کہ افغانستان میں تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور اس کا واحد حل سیاسی مذاکرات ہیں۔

 عمران خان نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے زور دیا کہ افغان قیادت افغانستان کی خوشحالی، سلامتی اور پائیدار امن کے لیے اس تاریخی موقع سے فائدہ اٹھائے اور اس کے سیاسی حل کے لیے کردار ادا کرے۔

وزیراعظم نے ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے لیے اعلی سطح کی کونسل برائے قومی مفاہمت کے چیئرمین کے طور پر نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ کونسل اپنے مقاصد کے حصول میں کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کو جلد پاکستان کے دورہ کی دعوت دی تاکہ افغان امن عمل کو آگے بڑھانے اور دونوں ملکوں کے درمیان قریبی دوستانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔