بھارت پاکستان کو سیلاب کا پیشگی ڈیٹا فراہم نہیں کررہا، پاکستانی انڈس واٹر کمشنر

413

پاکستان کےانڈس واٹر کمشنر مہر علی شاہ کا کہنا ہےکہ بھارت پاکستان کو  دوسال سے سیلاب کا پیشگی ڈیٹا فراہم نہیں کررہا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی انڈس واٹر کمشنر نے کہاکہ 22اگست کو بھارت کو سیلاب کا پیشگی ڈیٹا فراہم کرنے سے متعلق لکھا تھا،لیکن کوئی بھی جواب موصول نہیں ہوا،بھارت کی جانب سے چناب میں اضافی پانی چھوڑنے کی اطلاعات ملی تھیں،پوچھنے پر بھارت کی جانب سے صورتحال معمول کے مطابق بتائی گئی۔

انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان اجلاس میں بھارت سے سیلاب کے پیشگی ڈیٹا کی فراہمی کا معاملہ اٹھائیگا ،پاکستان نےبھارت کو انڈس واٹر کمشنرز کا سالانہ اجلاس بلانے کے لیے بھی لکھ رکھا ہے،لیکن اس حوالے سے بھی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

مہر علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان سندھ طاس معاہدے کے تحت انڈس واٹر کمشنرز کاباضابطہ اجلاس چاہتاہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث پاکستان اور بھارت میں انڈس واٹر کمشنرز کا اجلاس مسلسل تاخیر کا شکار ہے۔