آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ، پاکستانی کھلاڑیوں کی تنزلی

730

ساؤتھ ہمپٹن: انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریزکے آخری ٹیسٹ میچ میں سنچری اسکور کرنے والے قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کی آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ترقی ہوگئی۔

ساؤتھ ہمپٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں اظہر علی نے کیرئیر کی 17ویں سنچری اسکور کی ، جس کے بعد عالمی درجہ بندی میں11 درجے ترقی ہوئی ہے، آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ حالیہ درجہ بندی کے بعد 34ویں پوزیشن پر موجود اظہر علی اب رینکنگ میں 23ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ بابراعظم نے رینکنگ میں اپنی پانچویں پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

اظہر علی نے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں 0 اور 18 جبکہ دوسرے میچ کی واحد اننگز میں 20 رنز کی اننگز کھیلی تھی،اظہر علی نے اپنے 81ویں ٹیسٹ میچ میں حریف باؤلرز کے سامنے زبردست مزاحمت کرتے ہوئے پاکستان کو مشکلات سے نکلنے میں مدد کی تھی۔

ادھر سیریز کے آخری میچ کی پہلی اننگز میں11 اور دوسری میں 63 ناٹ آؤٹ رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم کی حالیہ رینکنگ میں پانچویں پوزیشن(797 پوائنٹس) برقرار ہے۔ رینکنگ میں آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ (911 پوائنٹس) پہلے، ویرات کوہلی (886پوائنٹس) دوسرے ، مارنس لبوشین (827 پوائنٹس) تیسرے اور کین ولیمسن (812 پوائنٹس) چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

سیریز میں پاکستان کی جانب سے مین آف دی سیریز کا ایوارڈ جیتنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان  3درجے ترقی پاکر بلے بازوں کی عالمی رینکنگ میں 72ویں پوزیشن پر پہنچ گئے،اس کے علاوہ عالمی رینکنگ میں موجود پاکستان کے ٹیسٹ کھلاڑیوں میں اسد شفیق 26ویں، شان مسعود 29ویں اور عابد علی 59ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

دوسری جانب باؤلرز کی رینکنگ میں محمد عباس کی عالمی رینکنگ میں تنزلی ہوئی ہے، وہ 8ویں  سے 13ویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں، لیگ اسپنر یاسر شاہ ایک درجے تنزلی کے  بعد 23ویں، شاہین شاہ آفریدی 33ویں اور نسیم شاہ 57ویں پوزیشن پر آگئے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 600 وکٹیں حاصل کرنے والے پہلے فاسٹ باؤلر جیمز اینڈرسن کی عالمی رینکنگ میں ترقی ہوئی ہے اور انہوں نے محمد عباس کی جگہ ہتھیا لی ہے، آسٹریلیا کے پیٹ کمنز، انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ اورنیوزی لینڈ کے نیل  ویگنار بالترتیب پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔