غزہ میں پریڈ کے دوران دھماکہ ،4 کمانڈر شہید

408
غزہ: دھماکوں میں شہید ہونے والے مزاحمت کاروں کو آخری آرام گاہ لے جایا جارہا ہے

غزہ (انٹرنیشنل ڈیسک) فلسطین کے علاقے غزہ میں مزاحمتی جماعت اسلامی جہاد کے عسکری ونگ القدس بریگیڈ کی ایک پریڈ کے دوران زور دار دھماکا سے 4 کمانڈر شہید ہوگئے۔ شہدا کا تعلق مشرقی شجاعیہ کے غزہ بریگیڈ سے ہے۔ شہدا کی شناخت 42 سالہ ایاد جمال جدی، 29 سالہ معتز عامر مبیض، 25 سالہ یعقوب منذر زیدیہ اور 23 سالہ یحییٰ فرید مبیض کے ناموں سے کی گئی ہے۔ یہ تمام کمانڈر شجاعیہ کالونی کے رہایشی تھے۔ تنظیم کی طرف سے پریڈ میں ہونے والے دھماکے کی مزید تفصیل بیان نہیں کی گئی۔ القدس بریگیڈز نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا کہ چاروں شہدا اپنا فرض ادا کرتے ہوئے دنیا سے رخصت ہوئے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یاد جمال جدی تنظیم کے میزائل سازی یونٹ کے کمانڈر تھے۔ عینی شاہدین اور فلسطین کے سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ چاروں مزاحمت کار بم تیار کررہے تھے، تاہم وہ قبل از وقت خام حالت میں پھٹ گیا۔ دوسری جانب پٹی پر اسرائیلی فوج کے فضائی اور زمینی حملے وقفے وقفے سے جاری ہیں۔ پیر کے روز بھی صہیونی فوج نے توپ خانے سے جنوبی غزہ میں فلسطینی مزاحمت کاروں کی نگرانی چوکیوں پر گولہ باری کی۔ فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ صہیونی فوج کے ٹینکوں نے مشرقی خزاعہ اور مشرقی رفح میں کرم ابو معمر کے مقام پر گولہ باری کی۔ ایک چوکی پر اسرائیلی فوج کی گولہ باری کے نتیجے میں فلسطینی مزاحمتی تنصیبات کو نقصان پہنچا، تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔