پاکستان ادھار تیل فراہمی کی سعودی پیشکش سے فائدہ نہ اٹھا سکا

672

پاکستان 36 ماہ  کے لیے ادھار تیل فراہمی کی سعودی پیشکش سے فائدہ نہ اٹھا سکا۔

نجی نیوز ٹی وی کو موصول ہونے والی دستاویز کے مطابق پاکستان 12 ماہ میں 76.8 کروڑ ڈالر کا ادھار تیل حاصل کر سکا، روایتی سرخ فیتے کی سستی کی وجہ سے 2.4 ارب ڈالر کا تیل حاصل نہ کیا جاسکا۔

دستاویز کے مطابو رواں سال 9 جولائی کو ادھار تیل کی سہولت کا پہلا سال ختم ہوگیا، ادھار تیل کی سہولت اسلامی ترقیاتی بینک کے ذریعے مل رہی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے تیل بند کیا ہے نہ ہی پیسے واپس مانگے: شاہ محمود

دستاویز کے مطابق رواں مالی سال میں بھی پاکستان صرف ایک ارب ڈالر ادھار تیل کا خواہشمند ہے۔

واضح رہے کہ ادھار تیل کی سہولت کا اعلان نومبر 2018 میں کیا گیا۔ سعودی عرب نے پاکستان کو ہر ماہ 27 کروڑ ڈالر ادھار تیل کی پیشکش کی تھی۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے تیل بند کیا ہے نہ ہی پیسے مانگے ہیں، اسرائیل سے متعلق بھی پاکستان اور سعودی عرب کا مؤقف ایک ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی دعوؤں کو مسترد کردیا ہے، چینی صدر کے دورہ پاکستان پر بات چیت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی غیر معمولی نوعیت کا دورہ ہوگا، بھارت نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیا لیکن دنیا حقیقت کو جانتی ہے اس لیے بھارت کو ناکامی کا مسلسل سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔