شہباز شریف کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

654

صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نےجمعیت علمائے اسلام کے سربراہ  مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ،دونوں رہنماؤں میں آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)منعقد کرنے پر اتفاق ہوا،ملاقات میں شہباز شریف نے فضل الرحمن کے تحفظات دور کیے۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ محرم الحرام کے بعد رہبر کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جائے گا،فضل الرحمن چھوٹی جماعتوں کی اپوزیشن سے مشاورت کریں گے،رہبر کمیٹی میں مشاورت سے اے پی سی کے لیے تاریخ تجویز کی جائے گی۔

ملاقات میں ملک کو درپیش چیلنجز اور عوام کے مسائل پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہاکہ موجودہ حکومت کا ایک ایک دن ملک کو تباہی کی طرف لے جارہاہے،اپوزیشن نے فوری اقدامات نہ کیے تو عوام معاف نہیں کرے گی،ملک کے بڑھتے مسائل میں اپوزیشن برابر کی ذمہ دار ہوگی،موجودہ حکومت کو مزید وقت ہرگز نہیں دیا جاسکتا۔

شہباز شریف نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اے پی سی میں قائدین جوطے کریں گےعمل درآمد کیا جائے گا، نئے پاکستان کے نام پر ملک کے ساتھ جو کچھ ہوا عوام نے بھی دیکھا،اپوزیشن متحد ہوکر عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرے گی،میں بلاول بھٹو سے بھی اے پی سی کے حوالے سے مشاورت کروں گا۔