تبدیلی سرکار نوازشریف کے تین ادوار سے زیادہ قرض لے چکی،شہباز شریف

314
اسلام آباد، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور لیگی رہنما شہباز شریف پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد(آن لائن) مسلم لیگ (ن ) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں، کشکول توڑنے کے دعوے کرنے والے کہہ رہے ہیں گھبرانا نہیں ہے،کیا اس طرح لوگوں کے پیٹ بھرجائیں گے۔ تبدیلی سرکار اپنے 2سالہ دور اقتدار میں نواز شریف کے 3ادوار سے زیادہ قرض لے چکی ہے پھر بھی عوام ایک وقت کی روٹی اور پرانے پاکستان کو ترس رہے ہیں۔حکومت احتساب کے نام پر اپو زیشن کو انتقام کا نشانہ بنا کر دیوار کے ساتھ لگا رہی ہے ، گندم کا سیزن ختم نہیں ہوا اور ملک سے گندم اسمگل ہوگئی، گندم اور آٹے کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، آج چینی کی قیمت 100 روپے فی کلو سے بھی اوپر چلی گئی ہے ۔ غریب کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا اور آج بھی حکومتی ارکان کا طریقہ کار اپوزیشن کا ہی ہے۔، (ن)لیگ کی قیادت کے خلاف بے پناہ پروپیگنڈا کیا گیا، کون سا ا ین آر او کس نے این آر او مانگا ہے سامنے لائیں، پروپیگنڈا کا مقصد عوامی مسائل سے توجہ ہٹانا ہے، وزیرخارجہ نے غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر سعودی عرب جیسے دوست ملک کو بھی ناراض کر دیا ، اس حکومت نے سی پیک کو متنازع بنایا ، حکومت کی اپنی کابینہ میں اشرافیہ کے لوگ بیٹھے ہیں، ادویات اسکینڈل میں ملوث وزیر پتہ نہیں کہاں ہے یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کا شاخسانہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار شہبازشریف نے پیر کو اسلام آباد میں پارٹی کے سینئیر رہنمائوں شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف ،مفتاح اسماعیل اور دیگر کے ساتھ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں بڑھائیں اس حکومت کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے بجلی کی لوڈشیڈنگ ملک بھر میں جاری ہے حالانکہ ملک میں بجلی وافر مقدار میں موجود ہے۔ 1952کے بعد ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ جی ڈی پی کی گروتھ منفی میں آگئی ہے۔ جتنا قرض انہوں نے لیا ہے اتنا نواز شریف نے اپنے 3ادوار میں بھی نہیں لیا۔ حکومت آج بھی کنٹینر پر کھڑی ہے۔ ان کو غریب عوام کا احساس تک نہیں۔ ہسپتالوں سے ادویات غائب کر دی گئی ہیں۔ سی ٹی سکین غریبوں کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ کینسر کے مریضوں کے لیے مفت ادویات بند کر دی گئی ہیں۔ حکومت کے اردگرد اشرافیہ بیٹھی ہوئی ہے۔ انہیں نہ گورننس آتی ہے کہ کوئی کام کرنا، ان کو بس نیب کے ذریعے اپوزیشن کو دیوار کے ساتھ لگانا آتا ہے۔ تبدیلی کے خواہاں آج خود اس تبدیلی پر رو رہے ہیں۔اس مو قع پر سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آج ایک دن میں ایک ارب روپے سے زائد روزانہ کی بنیاد پرگردشی قرضے بڑھ رہے ہیں سرکلر ڈیٹ ختم کرنے کے لیے عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔موجودہ دور حکومت میں پیٹرول پر 45 روپے ٹیکس ہے جب کہ حکومت بے خبر ہے اور جھوٹ بولنے پر مجبور ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک کا سرکلر ڈیٹ دو ہزار 200 ارب روپے ہے۔