ساؤتھمپٹن ٹیسٹ: فالوآن کا شکار قومی ٹیم نے 2 وکٹ کے نقصان پر100 رنز بنالیے

520

ساؤتھمپٹن:پاکستان اور انگلینڈ کے درمیا ن کھیلے جارہے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ  کے چوتھے روز کے اختتام تک انگلینڈ کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں فالو آن کا شکار ہونے والی قومی ٹیم نےدو وکٹوں کے نقصان پر 100 رنز بنالیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چوتھے روز کا کھیل بارش سے متاثر رہااور پورے دن میں صرف 56 اوورز ہی پھینکے جاسکے،قومی ٹیم کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا،پاکستان کی پہلی وکٹ 49 رنز پر گری جب شان مسعود 66 گیندوں پر 18 رن بنا کر اسٹورٹ  براڈکی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کی دوسری وکٹ  88 رنز کے اسکور پر گری جب عابد علی 42 رنز بناکرجیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

قومی ٹیم نے 2 وکٹ کے نقصان پر 100 رنز بنائے تھے کہ بارش کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ، جس کے بعد چوتھے روز کا کھیل ختم کردیا گیا۔دن کے اختتام پر اظہر علی 29 اور بابر اعظم 4 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔

اس سے قبل انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 583 رنز کا مشکل ترین اسکور کیا جس کے جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 273 رنز ہی بنا سکی تھی اور فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔ کپتان اظہر علی اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اظہر علی نے مشکل صورتحال میں 141 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد رضوان 53 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔