امن معاہدہ، پومپیو ‘سوڈان اور بحرین’ کو منانے کیلیے روانہ

1018

اسرائیل کے تعلقات بحال کرنے اور نام نہاد امن معاہدے کےلیے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور امریکی صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر ‘سوڈان اور بحرین ‘ کو منانے روانہ ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق  امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو اور ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر خاص جیرڈ کشنر اس وقت اسرائیل کے ساتھ عرب ممالک کے تعلقات قائم کرنے کیلیے بحرین اور سوڈان کےدورے پر روانہ ہوگئے ہیں جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پومپیو متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے۔

دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو دورے کے دوران خطے میں ایران کے بڑھتے اثر رسوخ اور عرب ملکوں میں ایران کی مداخلت پر اتحادی ممالک سے بات چیت بھی کریں گے جبکہ دورے کے دوران اسرائیل، متحدہ عرب امارات،سوڈان اور بحرین بھی جائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق مائیک پومپیو پیر کے روز اسرائیل جبکہ منگل کومتحدہ عرب امارات جائیں گے، دونوں ملکوں کے دورے کا مقصد حال ہی میں یو اے ای اور تل ابیب کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کو آگے بڑھانا ہے ۔

یاد رہےکہ مائیک پومپیو اور جیرڈ کشنر ایسے موقع پر امارات اور اسرائیل کا دورہ کررہے ہیں جب رواں ماہ 13 اگست امارات اور اسرائیل نے ایک امن معاہدے کا اعلان کیا،دونوں ممالک کے درمیان معاہدے کو ٹرمپ نے تاریخی فیصلہ قرار دیا تھا۔