نااہلوں کا ٹولہ مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا،میاں اسلم

402
نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم و ڈاکٹر طارق سلیم پریس کانفرنس کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق رکن قومی اسمبلی میاں محمد اسلم نے کہا ہے کہ سا بقہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی عوام کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ نااہلوں کا ٹولہ مسائل میں اضافہ تو کرسکتا ہے انہیں حل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل صرف اسلامی نظام میں ہے۔ اب عوام ڈگڈیاں بجا کر تبدیلی کے نعرے لگانے والوں کے فریب سے نکلیں اور اللہ کے نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کریں، انہوں نے کہا مہنگائی اور مافیا نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے، تبدیلی کی دعویدار حکومت کے وعدوں کے برعکس مہنگائی میں ہر سال تیزی سے اضا فہ ہو رہا ہے، عام آدمی دو وقت کی روٹی کے حصول کے لیے پریشان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی شمالی پنجاب کے دورے کے موقع پر راولپنڈی میں پر یس کانفر نس کر تے ہو ئے کیا۔اس موقع پر امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم اور دیگر رہنما بھی اْن کے ہمراہ تھے۔ میاں محمد اسلم نے کہا کہ موجودہ حالات میں جماعت اسلامی ہی ملک اور قوم کے لیے متبادل کے طور پر موجو د ہے ، آگ اور خون کے دریا سے گزر کر صرف ایک کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل ہونے والی مملکت کی شناخت کو نااہل قیادتوں نے ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے، اللہ نے ہمیں ایک آزاد نظریاتی مملکت عطا کی مگرافسوس کہ بحیثیت قوم ہم نے اس بنیادی نظریے کو پس پشت ڈال دیا جس کے لیے ہزاروں جانیں قربان کی گئی تھیں۔