آفاق احمد کا صدارتی نظام اور جنوبی صوبہ سندھ تحریک چلانے کااعلان

642
کراچی: مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا ہے کہ اگر پارلیمانی نظام میں حقوق نہیں ملے تو پھر ہم صدارتی نظام کی حمایت اور جنوبی صوبہ سندھ کے لیے تحریک کا آغازکریں گے‘ کراچی میں3 جماعتی اتحاد عالمی مالیاتی اداروں سے ملنے والے 652 ملین ڈالرز کو ہضم کرنے کے لیے بنایا گیا ہے‘ ہم کراچی میں نئے اضلاع کے مخالف نہیں لیکن سیاسی اور لسانی بنیادوں پر اضلاع بنانے کے بجائے کراچی میں انتظامی اور آبادی کی یکساں تقسیم کی بنیاد پر نئے اضلاع بنائے جائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چئیرمین آفاق احمد نے کہا کہ فاروق ستار اور میرے حوالے سے میڈیا پر جو کچھ چل رہا ہے‘ وہ غلط ہے‘ اگر نیا ضلع سیاسی یا لسانی بنیاد پر بنتا ہے تو ہم حمایت نہیں کریں گے‘ کراچی کے اضلاع میں آبادی کے تناسب میں بہت فرق ہے‘ کیماڑی پختون اکثریتی علاقہ ہے‘ اگر ضلع بنتا ہے تو پختون بھائیوں کو وہاں نوکریاں ملنی چاہئیں‘ گریڈ ایک سے 14 کی نوکریوں پر مقامی لوگ بھرتی کیے جائیں‘ کراچی کے بلدیاتی مسائل پر سے توجہ ہٹانے کے لیے ضلع کا شوشہ چھوڑا گیا‘ پی پی اور متحدہ نے تو شہر سے دشمنی کی‘ تحریک انصاف نے بھی کچھ اچھا نہیں کیا‘ عمران خان نے کراچی کے ریونیو سے دریائے راوی کے کنارے نیا شہر بنانے کا اعلان کیا ہے لیکن کراچی کے لیے ان کے پاس کچھ نہیں ہے‘ یہ بدترین عصبیت ہے۔ آفاق احمد نے کہا کہ این ڈی ایم اے ایک ماہ سے نالے صاف کر رہا ہے لیکن شہر پھر بھی ڈوب گیا‘ این ڈی ایم اے جو کر رہی ہے وہ اس وقت تک فائدہ مند نہیں جب تک شہر تباہ کرنے والوں کو سزا نہ دی جائے‘ بے ہنگم کچی آبادیوں کی وجہ سے شہر کا حلیہ بگڑ گیا ہے۔