لاہور: مسائل کے پائیدار حل کیلیے وزارتی کمیٹی قائم

151
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ترقیاتی منصوبوںسے متعلق اجلاس کی صدارت کررہے ہیں

لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے لاہور کے مسائل کے پائیدار حل کیلیے وزارتی کمیٹی قائم کردی، وزیراعلیٰ نے کہا ہے لاہور پنجاب ہی نہیں پاکستان کا دل ہے اسے مثالی شہر بنائیں گے، کسی کے ساتھ زیادتی نہیں کی مگر اب کام میں کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب، سیکرٹری سوشل ویلفیئر، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او اور دیگر حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں مختلف محکموں کو لاہور میں سہولتوں کی بہتری کیلیے ٹاسک سونپے گئے، پارکنگ کے مسائل حل کرنے کیلیے مربوط پلاننگ اور اوور چارجنگ کے سدباب کا حکم بھی دیا گیا۔ اجلاس میں گداگری کے سدباب، میٹرو برج اور انڈرپاسز کے قریب منشیات کے عادی افراد کے خلاف کریک ڈائون، مختلف سڑکوں پر صدقے کا گوشت اور پرندے بیچنے والوں کے خلاف کارروائی، ماحولیاتی تحفظ کیلیے دھواں اگلتی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا بھی حکم دے دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاہور میں آنے والے ہر فرد کو واضح تبدیلی نظر آنی چاہیے۔