پی ٹی آئی (مکہ مکرمہ) کے تحت جشن آزادی پاکستان جوش و خروش سے منایا گیا

397

پاکستان تحریک انصاف (مکہ مکرمہ) کے رہنماؤں، اراکین اور سابق عہدے داروں نے جشن آزادی پاکستان انتہائی جوش و خروش سے منایا۔ اس موقع پر وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں جب کہ مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے لاکھوں مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔ تقریب کے شرکا نے عزم کا اظہار کیا کہ قابض بھارتی فوج کے مظالم کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بنیں گے۔ اس موقع پر مظلوم کشمیریوں کی جرات و بہادری کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ پی ٹی آئی (مکہ مکرمہ) کے سنیئر رہنما سید خاقان، محمد زبیر، ایم اسحاق میاں اور عبدالمنان نے وطن عزیز سے والہانہ محبت اور عقیدت کا اظہار کیا اور کارکنوں کو متحد رہنے کی تلقین بھی کی۔ اس موقع پر دیارغیر میں موجود وطن کی محبت سے سرشار کارکنان نے جذبہ حب الوطنی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ترانہ گا کر شرکا کا لہو گرمایا اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بلند کیے۔ کارکنان کے لیے پی ٹی آئی (مکہ مکرمہ) کے سینئر رہنما محمد زبیر کی جانب سے عشایئے کا اہتمام کیا گیا تھا۔