ریاض کے صحافیوں کے اعزاز میں ’’عید ملن پارٹی‘‘

461

پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن سعودی عرب کے صدر میاں محمد طارق جنید کی جانب سے جنیدی ہاؤس میں ریاض کی صحافی برادری کے اعزاز میں ’’ایک شام ریاض میڈیا کے نام‘‘ کے عنوان سے ’’عید ملن پارٹی‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا، جس کا شرف حافظ عرفان کھٹانہ کو حاصل ہوا۔
عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمد طارق جنید نے یومِ استحصال کشمیر سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آج عالمی برادری کے ضمیر کو جھنجھوڑنے اور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ بھارت نے کشمیریوں کا جینا محال کررکھا ہے اور وہاں کے عوام کئی ماہ سے مسلسل استحصال کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان مسلم لیگ ن کے جھنڈے تلے جنت نظیر وادی کو آزاد کروانے کی ٹھان لی ہے اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر آزاد ہو گا اور آیندہ برس 14 اگست حقیقی معنوں میں مکمل آزادی کے ساتھ منایا جائے گا۔ قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو آخر کار تقویت ملے گی۔ آخر میں انہوں نے صحافی برادری کی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے ہمیشہ حق اور سچ کی آواز کو بلند کیا۔ بے لوث و بلا تفریق پاکستانی کمیونٹی کی خدمت میں ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت رکھتے ہوئے خدمات سرانجام دیں، جو قابل تحسین ہے۔ تقریب سے وسیم خان، زبیر خان، مبشر انوار، خرم خان، حافظ عرفان کھٹانہ ، عابد شمعون چاند، ناظم علی عطاری، حامد ناصر قادری اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے میزبان کا شکریہ ادا کیا اور کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مقبوضہ وادی کی آزادی تک قلمی جہاد جاری رکھنے کا عزم کیا۔