تخیل ادبی فورم کی نشست میں راحت اندوری اوراطہر ہاشمی کو خراج عقیدت

133

سعودی عرب کی معروف ادبی تنظیم تخیل ادبی فورم کے زیر اہتمام مرکزِ تخیل ریاض میں جشن آزادی پاکستان کے حوالے سے ایک ادبی نشت کا انعقاد کیا گیا، جس میں شرکا نے عہد نو میں اُردو کے شاعر راحت اندوری اور جسارت کے ایڈیٹر انچیف سید اطہر ہاشمی مرحوم کی رحلت پر دکھ و غم کا اظہار کرتے ہوئے ان کی ادبی اور صحافتی خدمات کوخراجِ عقیدت پیش کیا۔
تخیل ادبی فورم کے نائب صدر سید محسن رضا سمر نے اہل وطن کو جشن آزادی پر مبارک باد پیش کی۔ تنظیم کے پیٹرن ان چیف منصور محبوب چودھری نے جشن آزادی کی مناسبت سے وطن عزیز کے لیے دن رات محنت اور مختلف شعبوں میں خدمت کرنے والوں کی تعریف کی۔
ادبی نشت کے دوران ایک غیر رسمی مشاعرے کا بھی انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ریاض شہر میں تنظیم کے صدر شوکت جمال نے کی اور نظامت کے فرائض تخیل ادبی فورم کے سیکرٹری رابطہ عامہ اور رکن شاہد خیالوی نے انجام دیے۔ مشاعرے میں مہمانِ خصوصی تخیل ادبی فورم کے جنرل سیکرٹری یوسف علی یوسف تھے۔ جبکہ شعرا میں پیر اسد کمال، شہباز صادق، منصور محبوب، سید محسن رضا سمر، شاہد خیالوی، یوسف علی یوسف اور شوکت جمال شامل تھے، جنہوں نے اپنے کلام سے سامعین کو محظوظ کیا۔
تخیل ادبی فورم کے صدر صابر امانی نے پاکستان سے اپنے آن لائن پیغام میں ملک کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ تخیل ادبی فورم کے نائب جنرل سیکرٹری راشد محمود نے اعلان کیا کہ فورم کا دوسرا ادبی مجلہ اشاعت کی آخری مراحل میں ہے ۔ راشد محمود نے پاک یونائیٹڈ میڈیا فورم کے چیئرمین اور صحافی عابد شمعون چاند کو تخیل ادبی فورم میں بطور میڈیا کوآرڈینیٹر نامزد کیا، جسے متفقہ طور پہ منظور کرلیا گیا۔ تقریب کے آخر میں پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور سالمیت کے ساتھ سید اطہر ہاشمی اور راحت اندوری کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ تقریب کے اختتام پر شرکا کے لیے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا تھا۔