پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ (ریاض) میں کامیاب طلبہ کے اعزازمیں تقریب

347

سعودی دارالحکومت ریاض کے پاکستان انٹرنیشنل اسکول (ناصریہ) میں 2020ء کے وفاقی بورڈ اسلام آباد کے میٹرک کے نتائج میں شاندار کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی سفارت خانے کے ویلفیئر اتاشی شیخ عبدالشکور نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
امتحانات میں حصہ لینے والے طلبہ کی تعداد 248 تھی جن میں سے 81 طلبہ نے A 1 گریڈ حاصل کیا جبکہ 22 نے 1000 سے زائد نمبر حاصل کیے۔ نتائج کے مطابق معہد منصور نے 1083 نمبر لے کر پہلی اور محمد علی باجوہ نے 1077 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی جب کہ طالبات میں مومنہ ناصر نے 1079 نمبر لے کر پہلی اور اریبہ ظہیر نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔
سفارتخانہ پاکستان کے ویلفیئر اتاشی شیخ عبدالشکور کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بچوں نے پاکستان کا نام روشن کر کے ایک مثال قائم کی ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکے گا۔ یہ بچے جہاں بھی جائیں گے، وہاں اپنے وطن کی نمایندگی کریں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔ یہ ہونہار بچے ہمارے پاکستان کے معمار ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے ۔ اسکول کے پرنسپل ائر کموڈور نعیم اختر کا کہنا تھا کہ ہم آیندہ بھی بہترین تعلیمی نتائج کے لیے کوشاں ہیں۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ کو بھی خراج تحسین پیش کیا جن کی محنت کے بغیر اس شاندار کامیابی کا حصول ممکن نہیں تھا۔ تقریب سے بچوں اور اساتذہ نے بھی خطاب کیا۔