چین میں تیار جدید ترین جہاز پاکستانی بیڑے میں شامل

504
شنگھائی:چین کی جانب سے پاک بحریہ کیلیے تیار کیے گئے جدید بحری جہاز کی تقریب رونمائی میں کموڈوراظفر ہمایوں سی ایس ٹی سی کے چیئرمین سے مصافحہ کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)چین میں تیار کیے جانے وا لا جدید 054 فریگیٹ جہاز پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کر لیا گیا ۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہوڈونگ ژونگوا شپ یارڈ شنگھائی میں 054 فریگیٹ جہاز کی تقریب رونمائی کااہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کموڈوراظفر ہمایوں سمیت چین کی شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کے چیئرمین اور دیگر عہدیداران سمیت پاک بحریہ کے حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر مہمان خصوصی کموڈور اظفر ہمایوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ فریگیٹ جہاز کی تیاری پاک چین دفاعی تعاون کا نیا اور درخشاں باب ہے، عالمی سطح پر درپیش وبائی صورتحال کے باوجود پروجیکٹ کی بر وقت تکمیل شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جہاز ہر قسم کے جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا جبکہ پاک بحریہ کے بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی کاوشوں میں مزید بہتری آئے گی۔