مہنگائی اور مافیا نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ‘ جماعت اسلامی سندھ

370
امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی قبا ء آڈیٹوریم میں صوبائی مجلس شوریٰ سے خطاب کررہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور مافیا نے عوام کا جینا دو بھر کردیا ہے‘ عدل و انصاف کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی اور عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکتے‘ موجودہ حالات میں جماعت اسلامی ہی متبادل ہے‘ قوم نے سب کو آزمالیا ہے‘ 26 اگست کو ملک بھر کی طرح کراچی تا کشمور جماعت اسلامی کا 79 واں یوم تاسیس بھرپور طریقے سے منایا جائے گا‘ ذمے داران اس دن بڑے پروگرامات، سیمینارز و اجتماعات کا انعقاد کر کے قوم کو مشن و مقاصد سے آگاہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قبا آدیٹوریم میں جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ سے خطاب کے دوران کیا۔ اجلاس میں نومنتخب ارکان شوریٰ کا حلف، سیاسی و تنظیمی صورتحال کے جائزہ سمیت آئندہ کی منصوبہ بندی بھی کی گئی۔ اجلاس میں قیم صوبہ کاشف سعید شیخ، نائب امرا، نائب قیمین اور شعبہ جات کے ناظمین بھی موجود تھے۔ محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے‘ ہر فرد کو اپنے حصہ کا کام کرنا چاہیے‘ جماعت اسلامی کی کامیابی کے روشن امکانات ہیں کیونکہ ہم محض دعویٰ نہیں بلکہ ہمارا کام و کردار پوری قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی کی دعویدار حکومت کے وعدوں کے برعکس مہنگائی میں ہر سال ساڑھے 8 فیصد اضافہ ہو رہا ہے‘ عام آدمی 2 وقت کی روٹی کے لیے بھی پریشان ہے‘ بجٹ کا ایک بڑا حصہ قرضوں و سود کی مد میں واپس چلا جاتا ہے‘ ملکی خوشحالی و عوامی فلاح و بہبود کے لیے سودی نظام معیشت سے نجات نا گزیر ہے‘ جماعت اسلامی کرپشن فری اور اسلامی پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اجلاس میں مختلف مسائل پر قرار دادیں منظور، معروف شاعر عنایت علی خان اور روزنامہ جسارت کے ایڈیٹرانچیف اطہر ہاشمی ، ہارون رشید سمیت دیگر مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کرائی گئی۔