لبنان: مسلح کارسواروں کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک

354
لبنان: سڑکوں پر فوج تعینات ہونے کے باوجود دہشت گردی کی کارروائیاں جاری ہیں‘ چھوٹی تصاویر فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی ہیں

بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان کے شمالی علاقے میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ شمال میں واقع گاؤں کفتون میں پیش آیا۔ مقتولین نے کار میں سوار افراد کو روکنے کی کوشش کی،جس پر انہوں نے اندھادھند گولیاں برسادیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد ملزمان کی کار ایک ویران جگہ سے ملی،جس کی سیٹ پر سائلنسر لگی ہوئی ایک بندوق پڑی ہوئی تھی۔ پولیس کو کار میں سے ایک چھوٹی دھماکا خیز ڈیوائس اور بجلی کا تار بھی ملا۔ فائرنگ سے 2افراد موقع ہی پر ہلاک ہوگئے، جب کہ تیسرا اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر چل بسا۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے، تاہم ابتدائی طور پر حملہ آوروں اور مقتولین کے درمیان کشمکش سے متعلق کوئی سراغ نہیں ملا۔ دوسری جانب بیروت میں ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات کرنے والے جج نے اعلیٰ افسر سمیت 2 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ملزمان میں کسٹم اتھارٹی کے ڈائریکٹر ہنا فارس اور دھماکے سے تباہ ہونے والے گودام کے ٹھیکے دار نائلہ الحاج شامل ہیں۔ عدالت اب تک دھماکوں کے سلسلے میں 6 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کرچکی ہے۔