حکومت کا نالوں کی صفائی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ

666

کراچی : صوبائی وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ پیر سے نالوں کی صفائی کے لیے تجاوزات ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، تجاوزات پر رہائش پذیر لوگوں کو متبادل رہائش دی جائے گی۔

وفاق اور سندھ حکومت کے درمیان کوآرڈی نیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں کراچی کے نالوں کی صفائی کے حوالے سے بات چیت کی گئی، اجلاس میں جام شورو  اور سہیون سیکشن پر کام تیز کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہاکہ کراچی میں نالوں کی صفائی کے حوالے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ نالوں پر ایسی تجاوزات جہاں کوئی آباد نہیں،انہیں پیر سے ہٹایا جائے گا۔

صوبائی وزیر نے کہاکہ کے بی فیڈرکی لائننگ کا مسئلہ بھی اجلاس میں زیر غور آیا،جس کے کام کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا، سیکشن کی تعمیر کے لیے سندھ حکومت 7ارب روپے وفاق کو دے چکی ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں وفاقی وزیر اسد عمر کی جانب سے کراچی  کے مسائل حل کرنے کے لیے سندھ حکومت کے تعاون سے 6رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔