سابق کرکٹر مدثر نذر پی سی بی پر برہم

629

سابق ٹیسٹ کرکٹ مدثر نذر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ کی پالیسیاں سمجھ سے باہر ہیں، بہتری کے بجائے معاملات خراب کیے جارہے ہیں۔

پی سی بی اکیڈمیز اور گیم ڈویلپمنٹ کے سا بق ڈائریکٹر مدثر نذر نے کہا کہ جو ٹی وی چینلز پر بول رہے تھے انہیں نوکریاں دے دیں اب جن لوگوں کو فارغ کیا ہے وہ بولنا شروع ہوجائیں گے، ہم نے جب ان کوچز کو لینے کی بات کی تھی تو اس وقت چیئرمین احسان مانی اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے سخت مخالفت کی تھی، اب ان میں سے ہی لوگوں کو رکھ لیا۔

مدثر نذر نے مزید کہا کہ کہ سینٹرل پنجاب چیمپئن ٹیم کے ہیڈکوچ اعجاز جونیئر کو  فارغ  کرنے کے فیصلے کو  بہت غلط قرا ر دیتے ہوئے  کہا کہ اعجاز جونیئر کو نہ لینے کا بہت دکھ ہے، ایک تجربہ کار اور لیول تھری چیمپئن ٹیم کےکوچ کو کیسے سسٹم سے باہر کیا جاسکتا ہے، ظاہرہورہاہے کہ تمام فیصلے نیک نیتی سے نہیں کیے۔

سابق کرکٹر نے کہا کہ کوچ ایجوکیشن نظام کو تباہ کرکے  رکھ دیا گیا ہے، مصباح، یونس، یوسف اور دوسرے تمام کرکٹرز کوچنگ کورس کی افادیت کو تسلیم  کرکے کوچنگ کورس میں دلچسپی لینا شروع ہوگئے تھے۔