طوفانی بارش سے حیدرآباد ڈوب گیا،بجلی غائب

1282
حیدرآباد: بارش کا پانی جمع ہونے کے باعث مکی شاہ روڈ تالاب کا منظر پیش کررہاہے

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)حیدرآباد سمیت جامشورو، کوٹری، مٹیاری، ودیگر اضلاع میںکئی روز سے جاری حبس کے بعد آندھی اورطوفانی بارش ، نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث شہر ڈوب گیا،تیز ہوائوںکے باعث کئی مقامات پر درخت گرگئے، 190فیڈرزٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق حیدرآباد سمیت جامشورو،
کوٹری، مٹیاری، ودیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے شہر کے بیشتر علاقے ڈوب گئے،جمعہ کے روز ساڑھے تین بجے آندھی کے بعد طوفانی بارش سے شہر کا نظام درہم برہم ہوگیا۔تیزہوائوںکے باعث کئی مقامات پر درخت گرگئے، نکاسی آب کے ناقص نظام کے باعث سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں جبکہ تعلقہ سٹی ، لطیف آباد،قاسم آباد سمیت مختلف علاقوںمیں پانی گھروںمیں داخل ہوگیا۔سول اسپتال حیدرآباد انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے اسپتال تالاب میں تبدیل ہو گیا، برنس وارڈ،آئی سی یو اور کورونا سمیت دیگر وارڈز کے راستے ڈوب گئے ،پانی اسپتال کی عمارت میں داخل ہوگیا۔ شکایات کے باوجودانتظامی افسر نے ابتک جائزہ لینے کی بھی زحمت نہیں کی، اسپتال میں مریض اور مریضوں کے تیماردار شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ۔نکاسی آب کی ناقص صورتحال کے باوجود واسا کا عملہ شہر بھر میں کہیںنظر نہیں آیا، منتخب نمائندے بھی منظر سے غائب رہے جبکہ عوام اپنی مدد آپ کے تحت نکاسی آب کے لیے تگ و دو کرتے رہے۔دوسری جانب حیسکو نے بھی عوام کو دوہرے عذاب میںمبتلا کرتے ہوئے شہر کو اندھیرے میں ڈبودیا۔ حیسکو کے 190فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ حیسکو ترجمان کے مطابق طوفانی بارش کی وجہ سے 190 فیڈرزسے بجلی کی فراہمی متاثر ہے ۔عملہ فیلڈمیں موجود ہے بارش بند ہوتے ہی بجلی کی بحالی کیلیے کام شروع کردیاجائے گا۔ ذرائع کے مطابق بارش بند ہونے کے باوجود کئی علاقے تاریکیوں میں ڈوبے رہے اوربجلی کی فراہمی بحال نہ ہونے سے شہر بھر میں پانی کی قلت کا مسئلہ بھی پیدا ہوگیا ہے۔ بارش کے باعث پولیس ہیڈ کوارٹر سے شروع ہونے والا فلیگ مارچ بھی منسوخ کردیا گیاجبکہ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

کراچی (نمائندہ جسارت)وفاق اور سندھ کی کمیٹی بارش میں بہہ گئی۔ مون سون کے پانچویں اسپیل میں جمعہ کو کراچی میں ہونے والی بارش نے شہر کو جل تھل کر دیا ہے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا، بارش میں رین ایمرجنسی کا دعوی بھی ڈوب گیا، موسلادھار بارش سے سڑکیں زیر آب آگئیں جس سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوگئی اور
شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کوبارش کے بعد نارتھ ناظم آباد میں اربن فلڈنگ کی صورت حال دیکھی گئی ہے، شادمان، نیو کراچی، سخی حسن اور کے ڈی اے پانی میں ڈوب گئے، گجر نالہ ایک بار پھر بپھر گیا، شادمان نالہ بھی چوک ہونے کے باعث اوور فلو ہونے پر اطراف کی شاہراہیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور پانی گلیوں میں داخل ہوگیا۔سخی حسن قبرستان جانے والا روڈ، شادمان 2 نمبر، کے ڈی اے فلیٹس کے اطراف کئی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا جس سے شہریوں کی آمد و رفت منقطع ہو گئی، کئی شہریوں کی گاڑیاں پانی میں خراب ہو گئیں۔نارتھ ناظم آباد کے مختلف بلاکس کے مکینوں نے بتایا ہے کہ تیز بارش کے باعث ان کے علاقے میں ایک مرتبہ پھر پانی بھر گیا ہے۔ نارتھ ناظم آباد کے بلاکس ایف، ایچ اور بی میں گلیاں و سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی ہیں۔ نارتھ ناظم آباد کے بلاک ایچ کی آر کٹیگری میں اربن فلڈنگ کی کیفیت پیدا ہو چکی ہے، صدر، برنس روڈ، لانڈھی، کورنگی، بن قاسم ٹاو¿ن، ملیر، شاہ فیصل کالونی، شاہ لطیف ٹاو¿ن، دھابیجی اور گلشن حدید سمیت اکثر مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہو ئی ہے۔گلستان جوہر، گلشن اقبال، سہراب گوٹھ میں بھی تیز بارش جبکہ ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد اور ملحقہ علاقوں میں بھی بادل برسے۔ شاہین کمپلیکس کے اطراف بھی بارش جاری رہی، اورنگی ٹاون، بلدیہ ٹاون میں بھی تیز بارش جبکہ رنچھوڑ لائن، کھارادر، لائینزایریا میں بھی بارش ہوئی، کیماڑی، لیاری، کلفٹن اور ڈیفنس میں بادل برسے ، بارش سے مختلف سڑکیں زیرآب آگئیں۔شارع فیصل کے مختلف مقامات پر پانی جمع ہوگیا۔ ناگن چورنگی ایک بار پھر ڈوب گئی، گاڑیاں، موٹرسائیکلیں بھی پانی میں ڈوب گئیں، سڑک تالاب کا منظر پیش کر رہی ہےں، نوجوانوں نے ٹائروں کی کشتیاں بنا کر لوگوں کو مدد فراہم کی۔ادھر کے ڈی اے چورنگی کے اطراف بھی پانی جمع ہوگیا، نیپاچورنگی، قیوم آباد چورنگی بھی زیرآب آگئی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ایم اے جناح روڈ پر نوائے وقت کے دفتر سے لے کر گرومندر تک ٹریفک کی روانی میں خلل آ یا ، شارع فیصل پر ڈرگ روڈ سے ناتھا خان، سہراب گوٹھ سے ایدھی سینٹر جانے والے روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی میں خلل رہا، ایم ٹی خان روڈ سے جناح برج تک ٹریفک جام ہو گیا، کورنگی میں بروکس چورنگی اور گیٹس چورنگی پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جمعہ کے روز سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاون میں ہوئی، جہاں 170ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ نیوکراچی میں 88 اور ناظم آباد میں 85 اعشاریہ 6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔گلشن حدید میں 77، پی اے ایف بیس مسرور میں 44 اعشاریہ 5 اور لانڈھی میں 20 اعشاریہ 5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق سعدی ٹاون میں 28 اعشاریہ 5 ملی میٹر، فیصل بیس پر 14 اور کراچی ائرپورٹ پر 6 اعشاریہ 7 ملی میٹر ، کلفٹن میں 25.26 ملی میٹر، کیماڑی میں 16.32 ملی میٹر اور ڈیفنس میں 7.3 ملی میٹربارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ جمعہ سے پیر تک سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے محکمہ موسمیات کی جانب سے شہرقائد میں پیر تک تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔رات گئے تک شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہا ہے۔