انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے 17 کھلاڑی شارٹ لسٹ

697

ساؤتھ ہمپٹن:پاکستان  نے انگلینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے لیے 17 کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے،دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے میچز 28 اور 30 اگست کے علاوہ یکم ستمبر کو اولڈ ٹریفورڈ مانچسٹر میں کھیلے جائیں گے۔

شارٹ لسٹ کیے گئے کھلاڑیوں میں بابراعظم(کپتان)، فخرزمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، افتخار احمد، شاداب خان، حیدر علی، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف،  محمد عامر، خوشدل شاہ، محمد  حسنین، محمد رضوان، سرفراز احمد، نسیم شاہ اوروہاب ریاض شامل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف بھی تقریباً اسی اسکواڈ کا انتخاب کیا گیا ہے جوکہ گذشتہ کئی ماہ سےمحدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ا یچ بی ایل پی ایس ایل، انڈر 19  کرکٹ اور ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بلے باز حیدر علی اور  نسیم شاہ کو ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے  کہا کہ  تجربہ کار فاسٹ باؤلرز محمد عامر اور وہاب ریاض کے علاوہ سرفراز احمد اور فخر زمان کی بھی قومی ٹی ٹوئنٹی  اسکواڈ  میں واپسی ہوئی ہے۔

چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ قومی کرکٹ ٹیم پرامید ہیں کہ پاکستان اور انگلینڈ کے مابین ٹی ٹوئنٹی سیریز میں ایک اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔