وزیراعلیٰ پنجاب نیب کے زیر عتاب، ایک اور کیس کھل گیا

455

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب کے ستارے آج کل گردش میں ہے، اور وہ نیب کے زیر عتاب ہیں، غیر قانونی شراب لائسنس کیس کے بعد نیب نے عثمان بزدار کے خلاف ایک اور کیس میں انکوائری شروع کردی۔

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کے خلاف شکایت درج ہونے پر نئی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، ان پر صوبے کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں من پسند ٹھیکیدار کو نوازنے کا الزام ہے۔

نیب نے من پسند ٹھیکیدار کو دیئے جانے والے منصوبوں کا ریکارڈ ایل ڈی اے، ٹیپا اور دیگر سرکاری محکموں سے طلب کرلیا گیا ہے جب کہ نیب نے ٹھوکر نیاز بیگ پر زیر تعمیر گیٹ وے ٹو لاہور منصوبہ کی تحقیقات کا آغاز بھی کردیاہے،منصوبہ 2.5 کروڑ کی لاگت سے شروع ہو کر 8 کروڑ تک پہنچ گیا۔

خیال رہے کہ نیب ان کے خلاف شراب لائسنس کیس  کی بھی تحقیقات کررہا ہے ، وہ اس کیس میں نیب کے روبرو بھی پیش ہوچکے ہیں، جہاں وہ نیب کو اپنے جواب سے مطمئن نہیں کرپائے تھے۔