بن قاسم پاور پلانٹ میں تکنیکی خرابی، کے-الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی معطل

165

کراچی: ایک مرتبہ پھر بن قاسم پاور پلانٹ کے 2 یونٹس میں تکینکی خرابی سے کے-الیکٹرک کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث کے-الیکٹرک کو 260 میگا واٹ بجلی کی کمی ہوگئی۔ بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔

شہر میں بجلی کی طلب 2900 میگا واٹ ہے جب کہ گرمی کی شدت میں اضافے سے بجلی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کے-الیکٹرک بجلی کا شارٹ فال لوڈشیڈنگ سے پورا کر رہا ہے۔ مستثنیٰ علاقوں میں 3 سے 6 گھنٹے کے لیے بجلی کی فراہمی بند کی جا رہی ہے۔

لوڈشیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں نارتھ کراچی، نیو کراچی، سرجانی ٹاؤن اور فیڈر بی ایریا شامل ہیں۔ جب کہ لیاقت آباد، شاہ فیصل ٹاؤن، گلستان جوہر اور لیاری میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ہے۔