ملک کیلیے ابھی مزید مشکل فیصلے کرنا باقی ہیں،وفاقی وزرا

351
اسلام آباد:وزیر اطلاعات شبلی فرازدیگر وزرا ء کے ساتھ حکومتی کارکردگی پر میڈیا کو بریفنگ دے رہے ہیں

اسلام آباد(اے پی پی)وفاقی وزرانے کہا ہے کہ ملک کے لیے ابھی مزید مشکل فیصلے کرنا باقی ہیں۔جمعرات کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں وزارت پارلیمانی امور کی 2 سالہ کارکردگی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان،مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل، چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کہا کہ ملک کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنے ہیں، بلاشبہ حکومت وہ ہوتی ہے جس کے دل میں عوام کا درد ہو، وزیراعظم عمران خان نے اسی درد کے تحت قوم کا احساس کیا اورملک میں مسافر اور لنگر خانے قائم کیے، ہم سب عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، قانون سازی کے عمل کو مزید فعال اور موثر بنانا چاہتے ہیں، توقع ہے کہ اپوزیشن سے قانون سازی کے حوالے سے ورکنگ ریلیشن شپ میں بہتری آئے گی۔وفاقی کابینہ کے ارکان نے حکومت کی2 سالہ کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نئی نسل کے مستقبل کے امین ہیں، برآمدات میں اضافے سے مواقع بھی بڑھیں گے، گزشتہ حکومت نے مصنوعی طریقے سے ڈالر کی قیمت کو کنٹرول کیا اور اس مد میں 6 ارب ڈالر خرچ کیے، حسابات جاریہ کا خسارہ 20 ارب سے کم ہو کر 3 ارب ڈالر تک آ گیا جو مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا، کوویڈ 19 سے پہلے جنوری اور فروری میں ملکی برآمدات ڈبل ڈجٹ پر آ گئی تھی، کوویڈ 19 کے حالات معمول پر آنے کے بعد مزید بہتری آئے گی، میک ان پاکستان کو سپورٹ کرنا ہماری ترجیح ہے، 5 برآمدی شعبوں کو مراعات دیں اور بین الاقوامی نرخوں پر تیل اور گیس فراہم کی، کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان کا نمبر 166 ویں درجے سے 108 ویں پر آ گیا ہے،ا سٹریٹجک ٹریڈ پالیسی فریم ورک کی بھی منظوری ہو چکی ہے جس سے برآمدات میں اضافہ ہو گا، تحریک انصاف پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے گرین منشور دیا۔ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت صاف و سرسبز پاکستان کی تشکیل کے لیے حکومتی کوششوں کی کامیابی کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے، 10 بلین ٹری سونامی‘ کلین گرین انڈیکس‘ الیکٹریکل وہیکل پالیسی‘ پلاسٹک بیگز پر پابندی اور حیاتیاتی تنوع کے لیے محفوظ علاقوں کے تحفظ و فروغ کے منصوبے شروع کرنا موجودہ حکومت کے انقلابی اقدامات 2 سال میں اٹھائے گئے، وزیراعظم عمران خان نے تمام شعبوں میں اصلاحات کے عزم کے تحت وفاقی حکومت کے محکموں کی تعداد 440 سے کم کرکے 324 کی جا رہی ہے، کسی کو بے روزگار نہیں کرینگے، ملک کی بہتری کے لیے مشکل فیصلے کرنے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے اسی درد کے تحت قوم کا احساس کیا اور ملک میں مسافر خانے اور لنگر خانے قائم کیے، ہم سب عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، قانون سازی کے عمل کو مزید فعال اور موثر بنانا چاہتے ہیں، توقع ہے کہ اپوزیشن سے قانون سازی کے حوالے سے ورکنگ ریلیشن شپ سے بہتری آئے گی، ملک میں منشیات اور منی لانڈرنگ کی لعنت پر موثر طور پر قابو پانے کے لیے دنیا کا سب سے بڑا ڈیٹا بینک تشکیل دیا گیا اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان منشیات کی سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق معاہدے پر دستخط کیے گئے جس سے انسداد منشیات سمیت منی لانڈرنگ کی لعنت پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔