کھلے مین ہولز انسانی جانوں کیلیے خطرہ ہیں،حافظ طاہر مجید

185
حیدرآباد:جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حافظ طاہر مجید مین ہول میں گر کر جاںبحق ہونیوالی بچی کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد دعا کررہے ہیں

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے گزشتہ دنوں پریٹ آباد کے علاقے میں متعلقہ اداروں کی مجرمانہ لاپرواہی کے باعث کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے والی 6سالہ بچی ملائیکہ کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بلدیاتی نمائندوں اورایچ ڈی اے کی نااہلی نے معصوم بچے کی جان لے لی۔بغیر ڈھکن کھلے مین ہول مزید انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں۔ اسی قسم کے واقعات میں معصوم بچے بچیاں موت کے منہ میں جا چکے ہیں لیکن عوامی خدمت کے دعویدار متعلقہ اداروں اور منتخب نمائندے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل بھی شہر کے مختلف علاقوں میں بچے بچیاں کھلے گٹروں میں گر کر اپنی قیمتی جانیں گنوا چکے ہیں لیکن ضلعیانتظامیہ، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد، ایچ ڈی اے، ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی ، یوسی چیئرمین و وائس چیئرمینوں کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کھلے مین ہولز پر ڈھکن لگائے جائیں ، تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعات رونما نہ ہوں۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عبدالقیوم حیدر، جے آئی یوتھ سندھ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین شیخ ، عرفان قائمخانی اور جاوید اخلاق بھی ان کے ہمراہ تھے ۔