پنجاب میں بارش، لاہور ڈوب گیا، 17 افراد ہلاک

313
لاہور: شدید بارش کے بعد سڑک پر پانی کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے

لاہور (آن لائن/ صباح نیوز)پنجاب میں مسلسل 7 گھنٹے کی موسلادھار بارش سے لاہور شہر ڈوب گیا، شہر کے تمام پوش و دیگر علاقوں سمیت کچی آبادیوں میں2 سے 5 فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا، بارش کے باعث مختلف حادثات و واقعات میں 17 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے، ضلعی انتظامیہ اور واسا حکام کے کان پر جوں تک نہ رینگی شہری اپنی مدد آپ کے تحت کرائے کے پمپوں، بالٹیوں اور برتنوں کے ذریعے گھروں اور دکانوں سے پانی نکالتے رہے۔ تفصیلات کے مطابق شدید بارش اور سیوریج سسٹم کی بندش کے باعث پانی ٹائون شپ کے تمام بلاکس، بیگم پورہ، مصری شاہ، اسلام پور، فیروز پور روڈ، کوٹ لکھپت، بہار کالونی، فردوس مارکیٹ، بھگت پورہ، تاجپورہ، شہباز روڈ سمیت دیگر علاقوں کے گھروں، مارکیٹوں اور دکانوں میں داخل ہوگیا جہاں موجود کروڑوں روپے مالیت کا فرنیچر، مشینری اور دیگر الیکٹرونک سامان تباہ اور گاڑیاں خراب ہوگئیں۔ لاہور میں سب سے زیادہ بارش لکشمی چوک میں 189 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جہاں پورا شہر ڈوب کر وینس کا منظر پیش کر رہا تھا۔ علاوہ ازیں لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کی ابراہیم کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ شیخوپورہ میں ملیاں کلاں میں بارش کے باعث افتخار نامی شخص کے مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعے میں ایک بچہ اور ایک خاتون جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔ جڑانوالہ کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع گائوں چک نمبر119 گ ب میں خستہ حال چھت گرنے سے ارشد نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ فیصل آباد میں کرنٹ لگنے سے 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ پھالیہ میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔ کلر کہار میں کوئلے کی کان پر کام کرنے والے افراد پر سوتے ہوئے مٹی کا تودا گرنے سے 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔