پنو عاقل میں گھر 11 افراد کا قتل: باپ اور 4 بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج

950

پنو عاقل میں ایک ہی خاندان کے 11 افراد کے قتل میں ملوث گھر کے سربراہ اور ان کے چار بیٹوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جب کہ انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ روز ضلع سکھر کی تحصیل پنو عاقل کینٹ تھانے کی حدود میں واقع گاؤں محمد حسن اندھڑ میں جنونی شخص وہاب اللہ اندھڑ نے مبینہ طور پر گھر کی 6 خواتین اور 5 بچوں کو چھری کے وار سے قتل کر کے فرار ہوگیا تھا۔

بعد ازاں پولیس نے ملزم کو گھوٹکی سے اپنے 4 بیٹوں سمیت گرفتار کر کے تفتیش شروع کردی تھی۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم وہاب اللہ نے گھر کے افراد کو پہلے نشہ آور شے کھلا کر بے ہوش کیا اور پھر اپنے بیٹوں کی مدد سے قتل کیا۔

ایس ایس پی سکھر عرفان سموں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ملزم کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں ہے تاہم اس سے تفتیش کر رہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے تمام گرفتار ملزمان نے اعتراف جرم کرلیا ہے، انہیں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی ہیں۔