اپوزیشن نے کیماڑی کو ضلع بنانے کا فیصلہ مسترد کردیا، عدالت جانے کا اعلان

419

کراچی:اپوزیشن جماعتوں تحریک انصاف ، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم پاکستان) نےسندھ حکومت کے کیماڑی کوضلع بنانے کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے۔

ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نےکہا کہ کراچی میں سیاسی اور لسانی بنیادوں پر ایک اور ضلع کے اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتےہیں،پیپلز پارٹی نے پاکستان ، سندھ اور کراچی کو ہمیشہ اپنے فائدے کیلئے لسانی بنیادوں پر تقسیم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سازش کا مقصد کراچی شہر کے میٹروپولیٹن کارپوریشن کی حیثیت کو ختم کرنا ہے،پیپلز پارٹی نے اپنی سیاست زندہ رکھنے کیلئے کراچی کو بربادی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہناہےکہ پیپلز پارٹی جعلی مینڈیٹ دکھانے کے لیے کراچی کو تقسیم کررہی ہے، فیصلہ عدالت میں چیلنج کریں گے۔

پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کا کہنا ہےکہ ضرور کوئی مالی مفاد ہوگا ورنہ  پیپلزپارٹی عوام کی بہتری کے لیے کبھی بھی نیا ضلع نہیں بنائے گی۔

سربراہ پاک سرزمین پارٹی نے بھی حکومتی فیصلے پر ردعمل میں کہا کہ لسانی بنیادوں پر کراچی کی تقسیم سے آگ و خون کا کھیل شروع ہو جائے گا،کراچی کی لسانی بنیادوں پر تقسیم پاکستان کی قومی سلامتی کا مسئلہ ہے،سندھ میں نفرت کی وہ آگ بھڑکائی جا رہی ہے جسے بجھانے میں عشرے لگ جائیں گے۔

پیپلز پارٹی کو تنبیہ کرتا ہوں کہ انہوں نے کراچی کو ٹکڑے ٹکڑے کر کے سندھ کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔