سندھ کابینہ نے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی

577

کراچی: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس میں کابینہ نے کیماڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعلیٰ سندھ کی زیرِ صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزراء نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیاڑی کو ضلع بنانے کی منظوری دی گئی۔

کیماڑی ضلع میں سائٹ، بلدیہ، ہاربر اور ماڑی پور کے علاقے شامل ہوں گے۔

اجلاس میں مراد علی شاہ نے تجویز پیش کی کہ ضلع جنوبی کو ڈسٹرکٹ کراچی کا نام دیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کراچی کے اضلاع کو وہاں کے مشہور علاقوں کے نام دیے جائیں، جو اضلاع بڑے ہیں ان میں نیا ضلع بنانے کی تجویز دی جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ ضلع غربی سندھ کا سب سے بڑا ضلع ہے، ضلع غربی کی آبادی 39 لاکھ 14 ہزار 757 ہے۔

اجلاس میں کچھ وزراء نے خیر پور کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کی تجویز بھی دی جس پر آئندہ اجلاس میں غور کیے جانے کا امکان ہے۔